کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے ،شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ بات مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے محکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ اور سماجی تنظیم ینگ سوشل ریفامر ز کی جانب سے منعقد ہ پہلی سندھ بلوچستان یوتھ کانفرنس(14ویں آئی اون پاکستان کانفرنس2022) کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی انہوںنے کہاکہ کراچی کو معاشی ، سیاسی اور سماجی تباہی سے نکالنا ہے اور تمام سیاسی اکائیوں کو یکجا کر کے کراچی کی ترقی اور خوشحالی کےلئے کام کیا جائے گا تا کہ کراچی کے شہریوں کی محرومیوں کو ختم کیا جا سکے کامران ٹیسوری نے کہاکہ کراچی شہر ایک انٹرنیشنل شہر ہے جو ہر کسی کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ70فیصد سے زائد ریونیو کما کر دیتا ہے اس لئے کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے اس موقع پرمحکمہ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کےسیکریٹری اسپورٹس اختر عنایت اللہ بھرگڑی نے کہا کہ کراچی کے تمام کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں کیونکہ صحت مند سر گرمیوں کے لئے کھیل کے میدان انتہائی ضروری ہیں انہوںنے کہاکہ ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ اور دیگر اسپورٹس پرعائد پابندی کے خاتمے سے کھیل کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور بے روز گار کھیلاڑیوں کو روز گار بھی حاصل ہو سکے گا اختر عنایت اللہ بھرگڑی نے کہا کہ جب تک کھیلاڑیوں کو روزگار کے مواقع حاصل نہیں ہوں گے وہ بہترین اسپورٹس مین نہیں بن سکیں گے اور نہ ہی کھیلوں کو فروغ ملے گا۔