اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جیو سٹریٹیجک ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورت حال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان، ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرے گی اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل کو بروئےکار لایا جائے گا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی جانب سے ٹریننگ میں کی گئی اصلاحات کو سراہا جنکی بدولت ایسی ہنرمند افرادی قوت تیار کی جاسکے گی جو فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت سے لیس ہوگی۔ وزیر دفاع نے ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کی غیر معمولی کردار کی بھی تعریف کی۔ ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جانب سے جدت طرازی کے عمل کے لیئے جاری کوششوں اور مقامی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے وزیر دفاع کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس میگا پراجیکٹ کا مقصد ایوی ایشن، اسپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان کے لیے سماجی، اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کو یقینی بنایا جاسکے۔