کراچی ( بیورو رپورٹ)
کراچی یونین آف جرنلسٹس کا سالانہ اجلاس عام جمعہ 6 جنوری 2023 کو اسکاؤٹ ہیڈکوارٹر کے آڈیٹوریم میں ہوگا جبکہ سالانہ انتخابات 28 جنوری 2023 کو کراچی پریس کلب میں ہوں گے اس بات کا فیصلہ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا اجلاس میں کے یو جے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور مالیاتی رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی جو اب جنرل کونسل میں پیش کی جائیں گی اجلاس میں طے پایا کہ جنگ گروپ سمیت مختلف میڈیا ہاؤسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، تاخیر سے ادائیگی اور 2017 اور 2018 میں تنخواہوں میں کی گئی کٹوتیاں واپس نہ کرنے کے معاملات 6 جنوری کو ہونے والے جنرل کونسل اجلاس میں رکھے جائیں گے اور پھر اس سپریم فورم میں جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے مطابق ایسے میڈیا ہاؤسز کیخلاف بھرپور احتجاجی مہم چلائی جائے گی اجلاس میں طے پایا کہ 28 جنوری 2023 کو سالانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیٹی کی مکمل معاونت کی جائے گی اور اس سلسلے میں الیکشن کمیٹی سے درخواست کی جائے گی وہ مقررہ تاریخ پر الیکشن کے انعقاد کیلئے آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے تحت الیکشن شیڈول جاری کریں الیکشن کمیٹی مجلس عاملہ کے پہلے اجلاس میں ہی سینئر مزدور رہنما کرامت علی کی سربراہی میں قائم کردی گئی تھی کے یو جے کی حتمی ووٹر لسٹ پی ایف یو جے کو بھیجی جاچکی ہے جو سیکریٹری جنرل آئین کے تحت 5 جنوری 2023 تک الیکشن کمیٹی کو بھیجنے کے پابند ہیں کے یو جے نے اپنے تمام ارکان سے درخواست کی ہے کہ وہ 6 جنوری 2023 کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جنرل کونسل میں شریک ہوں اور اسی طرح 28 جنوری کو سالانہ انتخابات کے موقع پر اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔