کراچی(نمائندہ خصوصی) عالمی داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اپنے دورہ کراچی میں بہترین سیکورٹی سہولیات فراہم کرنے پرحکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے داؤدی بوہرہ برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ بوہری کمیونٹی کی تعلیم اورصحت سمیت انسانی فلاح وبہبود کیلئے خدمات آپ کی ہدایات کا ثمرہے۔ڈاکٹرسیدنا مفضل سیف الدین نے معاشی حالت کو بہتر بنانے کیلئے تجاویزپیش کرتے ہوئے کہاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بوہری کمیونٹی بھرپور تعاون کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت مجموعی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے کراچی میں سڑکوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اورعوام کے لیے پانی کی دستیابی کو بہتر بنانے کے لیے K-IV منصوبے پرکام ہورہا ہے اور کینجھر جھیل سے پانی کی نئی سپلائی لائن کے علاوہ 2 پمپنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے ہر ایک 260 ملین گیلن پانی پمپ کر سکتا ہے۔وزیراعلی سندھ نےتھر کول پاور پراجیکٹ میں پاورجنریشن کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا کہ بوہرہ کمیونٹی کے ہزاروں افراد بالخصوص نوجوان پاکستان میں معاشی ترقی اور ایک ذمہ دارشہری کی حیثیت سے سماجی برائیوں کے تدارک میں اہم کردارادا کررہےہیں۔بوہرہ کمیونٹی کے پیروکاروں کو سگریٹ نوشی،منشیات سے دوررہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔منشیات نہ صرف صحت کے لیے مضر ہے بلکہ سماجی زندگی کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔ملاقات کے اختتام پروزیراعلی سندھ کی درخواست پرڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین پاکستان کی ترقی اور استحکام خوشحالی،امن وامان اورلوگوں کی فلاح وبہبود کے لیےدعا کرائی۔اس موقع پر صوبائی وزراء سعید غنی، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، مکیش چاولہ، جام اکرام اللہ اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے علاوہ ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کے بھائی اورصاحبزادے شہزادہ ادریس بدرالدین،شہزادہ جعفرصادق عماد الدین، شہزادہ طحہٰ نجم الدین اور شہزادہ حسین برہان الدین بھی موجود تھے۔