کراچی(بیورو رپورٹ ) وزیربلدیات سیدناصر حسین شاہ نے عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سیاسی میدان میں نابالغ ہے اور معاشی پالیسی کے حوالے سے کھوکھلے دعوے کرتارہتا ہے جب کہ ملکی معیشت کو تباہی سے دوچار کرنے والا عمران نیازی کا نااہل اقتدار تھا اور ملک کو اس نہج پر پہنچانے والا خود عمران نیازی ہی ہے جس کی وجہ سے معیشت مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے اپنے دورِ اقتدار میں معیشت کو بُری طرح نقصان پہنچایا جبکہ ہماری اتحادی حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے تاکہ عوام خوشحالی سےزندگی بسر کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات کو شدید نقصان پہنچایا اور اگر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ملک کو سوائے بحرانوں کے کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ریاستی اداروں کو بہت نقصان پہنچایا اور انہیں اپنی منشا کے مطابق چلانے کی کوشش کرتا رہا اور خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کا کچھ علم نہیں جبکہ بات معیشت کی کرتا ہے ۔ ناصر شاہ نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ معیشت پر ماہرین کو بات کرنے دیں، آپ صرف جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران کو الیکشن کی جلدی اس لیے ہے کہ وہ اپنے خلاف کرپشن کے کیسز کھلنے سے خائف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان تو شہ خانہ کے تحائف میں کرپشن کے الزامات کا کوئی جواب نہیں دے پارہا کیونکہ اس کی کرپشن واضح ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت الیکشن قوانین میں اصلاحات لاکر اور معیشت بحال کر کے انتخابات کی طرف جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کو بڑی سپورٹ حاصل تھی مگر ان میں اہلیت ہی نہیں اور اگر ہوتی توآج ملکی معیشت اس طرح برباد نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اب سیاحت کو فروغ دینے کی بات کر رہا ہے جبکہ اپنی حکومت میں اس کی بہتری کے حوالے سے کوئی اقدام نہ کرسکا۔انہوں نے کہا کہ جب عمران اقتدار میں تھا توصحافت کو نشانہ بنایا اور سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنے میں وقت گزارنے میں مصروف تھا ۔انہوں نے کہا کہ ان سے عوام کی بھلائی کا کوئی بھی کام نہ ہوسکا اور نہ ہی ان کے پاس عوامی بھلائی کا کوئی منصوبہ تھا۔ عمران نیازی بھینسیں بیچنے، انڈے مرغی کی معیشیت کی باتیں ایسے کرتا تھا جیسے شیخ چلی نے دوبارہ جنم لیاہو۔