اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ زمین کا موسم، ماحولیات اور بارشیں سمندر پر ہی منحصر ہیں،ہم نے سمندروں کو فضلے ،پلاسٹک کا ڈھیر بنا دیا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے، سمندر ،ساحل سمندر کو صاف رکھ کر ہی ہم قدرت کے اعلیٰ نظام کی حفاظت کر سکتے ہیں۔سمندر کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ آج دنیا بھر میں سمندر کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، پاکستان کو سمندر کا عالمی دن خصوصی طور پر منانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان خوش نصیب ممالک میں شامل ہیں جن کی سرحد سمندر کے ساتھ متصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کی سطح کا تقریبا 70فیصد پانی سے ڈھکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری دھرتی پر موجود پانی کا تقریبا 96.5فیصد سمندروں کے پانی پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندر ہمارے سیارے کی 50سے 75فیصد آکسیجن پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری زمین کا موسم، ماحولیات اور بارشیں سمندر پر ہی منحصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدلے میں ہم نے سمندروں کو فضلے اور پلاسٹک کا ڈھیر بنا دیا ہے۔اس وقت سمندروں میں ناقابل فہم مقدار میں پلاسٹک اور فضلہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹڈیز کے مطابق صرف سمندروں کے سطحی پانیوں میں 51ٹرلین پلاسٹک کے ٹکڑے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندروں میں آلودگی اور فضلے میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔