اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے وزیر آباد واقعے کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کو غیر قانونی قراردیدیا ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پولیس ن لیگی ورکر مدثر اور احسن کو حراست میں لینے کی تردید کر رہی ہے، دونوں کو موبائل میں ڈالنے کی ویڈیو موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس مسنگ پرسنز کا کیس بنانا چاہتی ہے، آپ نے گرفتاری ڈالنی ہے ڈالیں، آپ دو بے گناہ لوگوں کو اٹھا لیں یہ روش اب نہیں چلے گی۔عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر آباد واقعے کی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر ایک خاص مائنڈ سیٹ رکھتا ہے، غلام محمود ڈوگر جو یونیفارم میں ڈکیت ہے اسے کوئی پوچھنے والا ہے، آپ نے ایک ماں کے دو بیٹے غیر قانونی طور اٹھا لیے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ لاہور کا ماسٹر پلان بنایا گیا ہے جس میں گرین ایریا ختم کر دیا گیا ہے، آپ اربوں میں کھیلنے والے اور کرپشن کرنے والے لوگ ہیں، احسن اور مدثر کی والدہ وکلاءکے ساتھ آئی جی پنجاب کے پاس جا رہی ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مونس الہٰی عمران خان کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتا ہے، ضرور کرے، کروڑوں روپے جو مونس الہٰی کے اکاﺅنٹ میں ٹرانسفر ہوئے اس کی تحقیقات بھی جاری ہیں، پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کو اپنی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔