اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی مفادات کے لیے جمہوری اور سیاسی نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن سکینڈلز کی وجہ سے عوام میں مقبولیت کھو چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کا فنڈ ریزنگ کے معاملے پر امریکہ میں عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے حصول میں بڑے پیمانے پر خرد برد پائی گئی ہے۔بلدیاتی انتخابات پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے تحفظات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کراچی میں اتحادیوں کی حقیقی شکایات کا ازالہ کرے گی۔اتحادی شراکت داروں کی اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبوں کے کم مراعات یافتہ علاقوں کی تعمیر نو کی اشد ضرورت ہے۔اگلے انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔نواز شریف کے پلان کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد کی صحت روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے انتخابات سے قبل نواز شریف اہم انتخابی مہم کے لیے پاکستان واپس ا?ئیں گے۔ کمزور معیشت کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی شعبے میں کسی بحران کا سامنا نہیں ہے۔