لاہور(نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے کر وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف اعتماد کے ووٹ پر فوکس کر لیا۔لیگی ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے پنجاب اسمبلی کی صورتحال پر اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے ۔پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اتحاد کو واضح برتری حاصل ہے جس کی وجہ سے (ن) لیگ نے اسمبلی میں نمبرز پورے نہ ہونے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب مسلم لیگ (ن) نے سپیکر کے بجائے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف اعتماد کے ووٹ پر فوکس کر لیا۔واضح رہے کہ (ن) لیگ اور اتحادی جماعتوں نے 19 دسمبر کو پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ (ن) لیگ وزیراعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم پہلے ہی واپس لے چکا ہے۔