اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر آبی وسائل سیدخورشید احمدشاہ نے کہا ہے کہ عمران خان جو ملک توڑنے کی باتیں کررہاہے اس پر آئیں اور قانون کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے، اگر ہم میں سے کسی نے یہ بات کی ہوتی تو پتہ نہیں ان کا کیا حشر ہوتا؟سابق حکمران ملک کا بیڑہ غرق کر کے گئے،پی ٹی آئی اراکین کو اسمبلی واپس آنا چاہیے،ہم زراعت کی صنعت کو اتنا آگے لے جانا چاہتے ہیں کہ زرعی مصنوعات امپورٹ کرنے کی بجائے ایکسپورٹ کی جا سکیں،پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے مختلف ڈیمز کی تعمیر پرہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا ہے ،بلین ٹری منصوبے میں ہونیوالی کرپشن کو منظرعام پر لانے سے بچنے کیلئے کے پی حکومت نے خود آگ لگوائی ہے لہذا اسکی تحقیقات کروائئی جائیں۔
بدھ کو پیپلزپارٹی کے رہنماوںفیصل کریم کنڈی اور چوہدری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ حالات جو بھی ہیں سب کو مقابلہ کرنا ہے،جو کام چار سال میں نہیں ہوئے ان پر تیزی سے کام شروع ہو چکا ہے ،پہلے مہمند اور تربیلا ڈیم کے دورے کیے۔12 جون کو بھاشا ڈیم کا دورہ کرونگا،ہماری کوشش ہے پاکستان کے زراعت کے شعبے کو مضبوط کیا جائے ،ماضی میں ہم گندم میں خود کفیل رہے اب تین ملین ٹن گندم باہر سے امپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخواہ کو دو فیصد پانی کم مل رہا ہے،پانی کے مسائل کو حل کرنے اور کمی کو ختم کرنے کےلئے نئے پروجیکٹ شروع کر رہے ہیں ،جن پروجیکٹ پر کام جاری ہے انہیں جلد مکمل کریں گے۔