ریاض( نمائندہ خصوصی )سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) نے خبردار کیا ہے کہ شدید موسم جمعہ تک جاری رہے گا جس میں طوفانی بارشیں ہوں گی ۔ اس کے ساتھ ژالہ باری ، ہلکی دھند اور ساحل کے ساتھ اونچی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔ این سی ایم نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اتوار کی شام سے مکہ، مدینہ اور شمالی سرحدی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ مکہ مکرمہ، جدہ اور ربیعہ کے تمام سکولوں میں منگل کو بھی کلاسز معطل رہیں گی۔
پیر کو اپنی روزانہ کی رپورٹ میں این سی ایم نے کہا کہ عسیر، بہا، مکہ اور مدینہ کے علاقے، قاسم، حائل، تبوک، کے کچھ حصے، شمالی سرحدیں اور جوف کے علاقے میں کہیں ہلکی اور کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ ریاض اور مشرقی صوبے کے کچھ حصوں کے ساتھ ساتھ نجران اور جیزان کے علاقوں کے کچھ حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ مرکز نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ تبوک کے علاقے کی بلندیوں اور مملکت کے شمالی حصوں میں برف باری ہو سکتی ہے۔
شدید موسم کے درمیان رہائشیوں سے محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے ریاض میں سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ نے پیر کو ایک پیغام بھیجا کہ اس علاقے میں اتوار سے بدھ تک شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ "سول ڈیفنس ہر ایک سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، اس کی ہدایات پر عمل کرنے اور وادیوں، ٹورینٹس، ڈیموں، پانی کے تالابوں، لیمپ پوسٹس اور الیکٹرک کنٹرول رومز سے دور رہنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ آپ کا تعاون ہماری حوصلہ افزائی ہے، اور آپ کی حفاظت ہمارا مقصد ہے۔