اسلام آباد (نیٹ نیوز)عالمی بینک نے پاکستان میں انسانی فلاح و بہبود کو مضبوط بنانے کے غرض سے بنیادی صحت کی دیکھ بھال اور عالمی کوریج کےلئے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دےدی۔ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام (این ایچ ایس پی) کےلئے 25کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دی ہے تاکہ ملک میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط کرتے ہوئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کےلئے قومی بنیادوں پر جاری کوششوں کو تیز کیا جا سکے۔یہ پروگرام انسانی فلاح و بہبود کےلئے کی جانے والی سرمایہ کاری کی تکمیل کرتا ہے اور صحت ست متعلق اصلاحات پر مبنی ہے، اس کا مقصد صحت کی خدمات کے معیار اور اس تک مساوی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس پروگرام کا مقصد خاص طور پر ان افراد کو فائدہ پہنچانا ہے جو قومی اور علاقائی سطح پر صحت سے متعلق اقدامات سے مستفید ہونے میں پیچھے ہیں۔عالمی بینک ڈائریکٹر برائے پاکستان، ناجی بینہسین نے کہا کہ پاکستان بنیادی صحت کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کےلئے صحت سے متعلق اصلاحات، خاص طور پر حمل اور ولادت کے دوران بچوں اور خواتین کے لیے اقدامات میں مسلسل ترقی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصدملک کے انسانی سرمائے کی تعمیر اور اس کے شہریوں کے لیے صحت اور غذائیت کے نتائج کو بہتر بنانا۔یہ پروگرام صحت کے تین اہم شعبوں میں اصلاحات پر توجہ مرکوز کرے گا جن میں درج ذیل اصلاحات شامل ہیں۔صحت کی دیکھ بھال اور ضروری خدمات کا معیار مناسب کرنا، عملہ، آلات اور ادویات کو یقینی بنانے اور ہنگامی اور اعلیٰ سطح کی سروسز کو تیز کرنے کے لیے مریضوں کے لیے ریفرل سسٹم وسیع کیا جائے۔دستیاب آلات اور ضروری ادویات کے حقیقی وقت کی نگرانی کے ذریعے بنیادی صحت سے متعلق خدمات کی نگرانی اور انتظام کو مضبوط بنانے کے لیے گورننس اور احتساب پر توجہ دی جائے۔پروگرام میں صوبائی حکام کےلئے ایک مرکزی معلوماتی پلیٹ فارم شامل ہے تاکہ سرکاری اور نجی صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی میں فرق کا اندازہ لگایا جاسکے۔
صحت کی دیکھ بھال کےلئے مالی تعاون بنیادی صحت کے مراکز کے مالی انتظامات کو بہتر بنانے اور اخراجات کی نگرانی کرے گا جو صحت سے متعلق بجٹ کی پیش گوئی کے لیے معاون ثابت ہوگا۔پروگرام کے ٹاسک ٹیم لیڈر ہینن ہینن پائن نے کہا کہ این ایچ ایس پی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے لیے اسباق کے تبادلے اور پائیدار صحت کی مالی امداد، اعلیٰ معیار اور ضروری خدمات کی کوریج کے حصول میں تعاون کے لیے ایک قومی فورم تشکیل دیتا ہے۔یہ پروگرام صوبائی بنیادی ہیلتھ سروسز کے نظام میں بہتری کے ذریعے تمام کمیونٹیز کو فائدہ پہنچائے گا، ان میں خاص طور پر وہ شامل ہوں گے جو تقریباً 20 اضلاع میں صحت اور غذائیت کی خدمات تک کم سے کم رسائی حاصل کر پائے ہیں۔این ایچ ایس پی کو انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنڈز ایسوسی ایشن کی جانب سے 25 کروڑ 80 لاکھ روپے کی مالی معاون فراہم کی گئی ہے ،8 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی دو گرانٹس عالمی مالیاتی سہولت برائے، خواتین، بچے اور بزرگ کی جانب سے کی جائے گی،اس میں 4 کروڑ ڈالر کی گرانٹ بھی شامل ہے جو عالمی بحران کے دوران بنیادی ہیلتھ سروسز کے تحفظ کےلئے استعمال کی جائے گی۔جی ایف ایف اور حکومتِ پاکستان کے درمیان شراکت داری صحت کو نظام کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے، جس میں یہ بات یقینی بنائی جائے گی کہ مسائل کے دوران تمام شہری اپنی ضرورت کے مطابق سہولیات حاصل کر سکیں۔