کراچی(نمائندہ خصوصی )کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستانرابطہ کمیٹی کا بہادر آباد عارضی مرکز پر اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایس پی اور فاروق ستار کی واپسی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدوں پر عمل درآمد میں تاخیر کا معاملہ بھی زیرِغور آیا۔ایم کیو ایم کے ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں سندھ میں حلقہ بندیوں پر پیپلز پارٹی کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے پوچھا جائے گا کہ بلاول کا بیان سیاسی تھا یا پارٹی پالیسی۔اراکین نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہری پالیسی کھیلنا چاہتی ہے تو ایم کیو ایم انتہائی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے اراکین نے کہا کہ پیپلز پارٹی طے کر لے کہ سندھ اور ملک کے مفاد میں ایم کیو ایم سے ورکنگ ریلیشن شپ چاہتی ہے یا نہیں۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین نے اجلاس میں اس بات کا اظہار کیا بھی کہ پی پی کھل کر بتائے کہ دیہی اور شہری تفریق کا خاتمہ چاہتی یا جعلی حلقہ بندیوں کے ذریعے شہروں پر قبضہ۔