کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی میں 2 ماہ کیلئے پریشرہارن، فینسی نمبر پلیٹس، ہوٹرزکی فروخت اوراستعمال پرپابندی عائد کردی گئی۔کمشنر کراچی اقبال میمن نے دفعہ 144 کے تحت پابندی لگائی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، پابندی کا اطلاق 30 دسمبر سے 2 ماہ کیلئے ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں کے سیاہ شیشے، سائرن، ریوالونگ لائٹس کا استعمال بھی ممنوع ہوگا، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پابندی پرعمدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پولیس افسران کی مدد سے خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔