اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملکی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس آج طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے سدباب پر غور ہوگا۔ اجلاس میں عسکری حکام دہشتگردی اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔ مزید برآن وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کی ملاقات کے دوران قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے متعلق امور پر غور کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے ملکی دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔دونوں سربراہوں نے ملاقات کے دوران دہشتگردی کی عفریت سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملکی امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔