کراچی(بیورو رپورٹ )
تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے ملک کی بدترین معاشی صورتحال’ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے ایجنڈے کے لئے فوری طور پر 3 سال کے لئے قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ذاتی سیاست و اقتدار کے بجائے ملک و عوام کی بقأء کو اولین ترجیح دینے کا متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی مجموعی ناکامیوں سے ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے اور اس وقت عوام بدترین مہنگائی و بے روزگاری کا شکار ہیں۔ خدارا ملک کی خاطر پارسائی کے لبادے ہٹاکر تمام سیاستدان مل بیٹھیں اور 3 سال کے لئے معاشی استحکام کے ایجنڈے پر قومی حکومت قائم کریں۔ جن جماعتوں کی پارلیمنٹ میں جتنی نمائندگی ہے اسی شرح سےقومی حکومت میں انہیں نمائندگی ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ضد اور انا کی سیاست سے مسلسل ملک کا نقصان ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں سنجیدہ اور سینئر سیاستدانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے اب مکمل طور پر غیر جانبدار ہیں اور وہ سیاستدانوں کی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ اگر سیاستدانوں نے حالات کی سنگینی کا ادراک کرکے کوئی مناسب حل نہ نکالا تو ٹیکنو کریٹس پر مشتمل قومی حکومت کا قیام ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خوشحال ہوگا تو سیاست و اقتدار کے معاملات چلتے رہیں گے لیکن اس وقت صرف پاکستان کو اولین ترجیح رکھ کر فیصلوں کی ضرورت ہے اور مل بیٹھ کر ملک کو بھنور سے نکالنے میں سب کی جیت ہے۔