کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو آئین ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتوں کی آزادی کی واضح ضمانت دی تھی۔مراد علی شاہ نے بابائے قوم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’ آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مساجد یا پاکستان کی اس ریاست میں کسی اور عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق خواہ کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو اس کا ریاستی کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور بھی یہی ہے۔تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، ایم پی ایز، اور پی پی پی کراچی ڈویژن اور صوبے کے دیگر اضلاع کے اقلیتی ونگ کے عہدیداران ، پادریوں بشمول کارڈنل جوزف کاؤٹس، بشپ کلیم جون اورپینٹی کوسٹل چرچ کے معزز افراد نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا وباء سے نمنٹنے اور غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے گذشتہ چندسال ہم سب کے لیے کافی مشکل رہے مگر ان سب کے باوجود ہم ثابت قدم رہے اور ایک دوسرے کی مدد کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس خوشی کو برقرار رکھتے ہوئے نئے سال کی طرف بڑھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نیا سال ہم سب کے لیے امن کا پیغام ثابت ہوگا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی ہے۔ اگر اقلیتی برادری کے کسی فرد کے ساتھ کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو وہ مجھ سے اس حوالے سے رپورٹ ضرور مانگتے ہیں اور مجھے ہدایت کرتے ہیں کہ معاملے کو درست انداز میں حل کرکے مجھے اس کی اطلاع دیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی پی پی ملک کی واحد جماعت ہے جو تمام مذہبی برادریوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی جماعت سے تعلق رکھنے والے ہمارے ایک ایم این اے اور دو ایم پی ایز عام انتخابات میں براہ راست منتخب ہوئے ہیں جبکہ ملک کے کسی اور سیاسی جماعت میں ایسی مثال نہیں ملتی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی کابینہ کے چھ اراکین کا تعلق اقلیتی جماعت سےہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مذہب، ذات پات اور عقیدے کی بنیاد پر کبھی کسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھا بلکہ انہیں ہمیشہ مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے ۔
دریں اثناءوزیراعلیٰ سندھ نے مسیحی برادری کو دلی طور پر کرسمس کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کا تہوارآپ کے لیے ہر طرح کی نعمتیں سمیٹ لائے، جن کے آپ مستحق ہیں۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی امور گیان چند اسرانی اور ایم پی اے لال چند اُکرانی، کارڈینل جوزف کاؤٹس اور پی پی پی کے ایم پی اے نوید انتھونی نے بھی خطاب کیا۔اقلیتی وزیر گیان چند نے کہا کہ ان کا تعلق ہندو اقلیتی جماعت سے ہے اور ان کی پارٹی نے اقلیتوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے انہیں اقلیتی امور کا قلمدان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی پی پی کی ٹکٹ پر براہ راست ایم پی اے منتخب ہوئے ہیں جو ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ کے اراکین اور مسیحی برادری کے مہمانوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔