لاڑکانہ(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کو بچھڑے پندرہ برس بیت گئے، آج شہید بینظیر بھٹو کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، اس سلسلے میں سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ بینظیر بھٹو کی پندرہویں برسی منانے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے آج گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ منعقد کیا جائے گا جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے، اس سلسلے میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداری، ماسی صنم بھٹو، اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کشمیر امور قمرالزمان قائرہ، سینیٹر وقار مہدی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سمیت دیگر مرکزی قائدین نئوں دیرو لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں جبکہ ملک بھر سے پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے، برسی تقریبات کا آغاز آج صبح قرآن خوانی سے ہوگا جس کے بعد لنگر تقسیم کیا جائے گا، جسلے کا آغاز سپہر ہوگا اور شہدا جمہوریت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد پارٹی رہنما خطاب کریں گے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے لاڑکانہ شہر، نئو دیرو اور جلسہ گاہ کی جانب جانے والی شاہراہوں پر بڑی تعداد میں استقبالیہ کیمپس لگائے گئے ہیں شہر اور شاہراہوں کو پارٹی پرچموں سے سجایا گیا ہے، اور کیمپس پر پارٹی ترانے چلا کر کارکنان کا لہو گرمایا جارہا ہے، ملک بھر سے جیالے مزار پر پہنچ کر فاتح خوانی کر کے شہدا کو انکی جمہوریت کے لیے لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کریں گے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں 25 سے زائد ایس ایس پیز، ایس پیز اور 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، مزار کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور کارکنان کو جامعہ تلاشی کے بعد مزار کے احاطے میں داخل ہونے دیا جائے گا پولیس کی جانب سے ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، جبکہ جلسہ گاہ اور منسلق تمام شاہراہوں کی سی سی ٹی وی نگرانی کی جائے گی، دوسری جانب جلسے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکیوٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت نوڈیرو ہاؤس میں ہوگا، جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔