کراچی(نمائندہ خصوصی)
پاکستان پیپلز پارٹی بلا تفریق مذہب، ذات پات اور نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ گیان چند ایسرانی
وزیر اقلیتی امور نے مہران ٹائون میں گرجا گھر کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر برائے اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے پیر کو کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مہران ٹا ئون میں محکمہ اقلیتی امور کے تحت مکمل ہونے والے گوسپل پینٹی کوسٹل چرچ کا افتتاح کیا۔ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی امور مہیش لال دودانی، ایگزیکٹو انجینئر سنجے راجہ صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر فادر جان بھی موجود تھے، جبکہ مسیحی برادری کے معززین نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ گرجا گھر کی اسکیم کی سفارش پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے کی تھی۔ایگزیکٹو انجینئر نے صوبائی وزیر کو مکمل شدہ اسکیم اور اس کی تکمیل کی مدت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر گیانچند ایسرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلا تفریق مذہب، ذات پات اور نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اقلیتوں کے حقوق کو اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ مسیحی برادری ہمارے معاشرے کا اٹوٹ انگ ہے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں ان کا بے مثال کردار رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے اور اقلیتوں کے لیے سینکڑوں فلاحی اور ترقیاتی اسکیمیں شروع کی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو پارلیمنٹ اور بلدیاتی اداروں میں نمائندگی دینے کی مثا لیں قائم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک اقلیتوں کی نمائندگی کا تعلق ہے پاکستان پیپلز پارٹی انہیں قومی دھارے میں لائی ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ انور لال ڈین جیسے کارکن کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں اپنی برادری کے ساتھ ساتھ اپنی جماعت کی نمائندگی کے لیے سینیٹر منتخب کرایا گیا ۔ اس موقع مہران ٹان کی مسیحی برادری نے چرچ اسکیم کو مکمل کرنے پر سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ آخر میں ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔