کراچی(کامرس رپورٹر) نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) اور انڈس اسپتال کراچی نے خدمت خلق کے جذبے کے تحت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے جس کے مطابق نارتھ کراچی کے صنعتکار جوائنٹ وینچرکے تحت انڈس اسپتال میں ”کیپٹن اے معیز خان بلاک“ قائم کریں گے۔انڈس اسپتال کے صدر ڈاکٹر باری خان نے نکاٹی کے دورے کے موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر فیصل معیز خان کے ساتھ باہمی اشتراک کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نارتھ کراچی انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ کمپنی (این کے آئی ڈی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یونس خمیسانی، چیف سی ایم سی اختر اسماعیل، نائب صدر نکاٹی نعیم حیدر، ڈپٹی چیف سی ایم سی فاروق کھاتورا،کوآرڈینیٹر نکاٹی ویلفیئر کلینک سجاد وزیر اور ممبران کثیر تعداد میں موجود تھے۔ نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے شاندار اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی پر انڈس اسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعتکار برادری انسانیت کی خدمت میں ان کے ساتھ ہے اور نکاٹی کے ممبرز صنعتکار مفت طبی سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے انڈس اسپتال کے صدر ڈاکٹر باری کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا انڈس اسپتال میں ”کیپٹن اے معیز خان بلاک“ کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔انڈس اسپتال کے صدر ڈاکٹر باری خان نے نکاٹی کے ممبرز صنعتکاروں سے تعاون کی اپیل کے جواب صدر فیصل معیز خان کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعتکار برادری کے جذبے کو دیکھ کر وہ بہت مطمئن اورپُر امید کہ انسانیت کی خدمت میں صنعتکار برادری بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی اور انڈس اسپتال بھی ان کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون پیش کرے گا۔