کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان میں جمہوریت اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے امریکا نے 200 ملین ڈالر کی امداد منظور کر لی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے امریکی امداد میں 20 گنا اضافہ کر دیا گیا ہے، امریکی ایوان نمائندگان نے گزشتہ روز پاکستان میں جمہوریت اور بالخصوص صنفی مساوات کے فروغ کے لیے 20 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی۔مالی سال 2023 کے لیے پاکستان کے لیے مختص کردہ فنڈنگ 2020 میں فراہم کی گئی رقم سے 20 گنا زیادہ ہے، جب امریکی کانگریس نے صنفی مساوات کے لیے 10 ملین ڈالر اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے 15 ملین ڈالر کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کی جانب سے اپنی گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2022 میں جاری کردہ صنفی مساوات کے انڈیکس میں پاکستان 146 میں سے 145 ویں نمبر پر ہے۔