کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش پر ہمیں اتحاد اور نظم و ضبط کو قائم کرتے ہوئے ملک کو مختلف بحرانوں سے نکالنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے تاکہ انہوں نے جس ملک کی بنیاد رکھی وہ ترقی کر سکے۔ یہ بات انہوں نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں وہ اپنی کابینہ ارکان کے ہمراہ بابائے قوم کو انکے 146ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے آئے تھے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کی دوبارہ ابھرتی ہوئی لہر سمیت تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ یہ پیارا ملک ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں حاصل کر سکے، جس کی بنیاد قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی انتھک کوششوں، نظریے اور تدبر سے رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر ابھرنے لگی ہے، بنوں اور اسلام آباد کے واقعات قابل مذمت ہیں اور قائداعظم کی معرض وجود میں آنے والی یہ قوم ملک دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس دن ہمیں کشمیری عوام کی ان کے منصفانہ مقصد کے لیے قربانیوں اور جدوجہد کو یاد رکھنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری مظلوموں کے ساتھ ہیں۔ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل کو بھی یاد کرتے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سردیوں نے ان کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے اور ہم سب کو ضرورت کے وقت انکی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کا مزار قائد پر پہنچنے پر کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی اور دیگر نے استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر کامران ٹیسوری کا استقبال کیا جب وہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر موجود بابائے قوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔