اسلام آباد (کورٹ رپورٹر ) متنازعہ ٹویٹ کیس میں نامزد تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے اپنے ٹویٹر اکانٹ سے ہوئی ٹوئٹس سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔متنازعہ ٹویٹ کیس میں نامزد پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیا موقف پیش کرتے ہوئے متنازعہ ٹویٹس سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اعظم سواتی نے اسلام ہائی کورٹ میں دائر درخواست ضمانت میں نیا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر جن ٹوئٹس کا الزام ہے وہ میں نے پوسٹ نہیں کیں۔اعظم سواتی نے موقف اختیار کیا کہ جرم سے میرا تعلق ثابت ہونا لازم ہے، پروسیکیوشن کے پاس میرے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں۔واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی نے اس سے پہلے کبھی ٹوئٹس سے لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا تھا۔اعظم سواتی نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، تاہم اسپیشل جج سینٹرل نے متنازعہ ٹویٹ کیس میں نامزد سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اعظم سواتی نے ایک ہی جرم 2 بار کیا، اس لئے عدالت ملزم کی درخواست ضمانت خارج کی جاتی ہے۔