کراچی(نمائندہ خصوصی)
پاکستان سب میرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت پاک بحریہ نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی تعمیر اور دوسری آبدوز کی اسٹیل کٹنگ کا آغاز کردیا جس کی افتتاحی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان اور چین کے مابین دفاعی معاہدے میں آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کی تعمیر شامل ہے جس میں سے چار آبدوزیں ووشانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ، چین میں جبکہ چار کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی معاہدے کے تحت تعمیر کی جا رہی ہیں۔ پہلی آبدوز کی تیاری کا آغاز دسمبر 2021ء میں کراچی شپ یارڈ میں ہوا، کسی بھی زیر تعمیر جہاز کے لیے keel laying ایک اہم مرحلہ ہے۔اس کے ساتھ ہی شپ یارڈ میں دوسری آبدوز کی تعمیر کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ ہنگور کلاس آبدوز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک جدید آبدوز ہے۔اس آبدوز میں جدید اسٹیلتھ خصوصیات کے ساتھ ساتھ جدید ترین ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں جو کثیرالجہتی خطرات سے نمٹنے اور اپنے ہدف کو دور تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بیک وقت دو آبدوزوں کی تعمیر اور اسٹیل کٹنگ باعثِ فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ خطے میں ابھرتی ہوئی جیو اسٹر یٹیجک صورتحال سے آگاہ ہے اور روایتی و غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے جنگی صلاحیت کو فروغ دینے، جہاز سازی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور پلیٹ فارمز کو جدید ہتھیاروں/ سینسرز سے لیس کرنا جاری رکھے گی۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ آبدوزیں پاک بحریہ کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔قبل ازیں ایم ایس چائنا شپ بلڈنگ آف شور کمپنی (CSOC) کے نمائندے نے تقریب کے انعقاد پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں آبدوزوں کی بلاتعطل تعمیر کے لیے تمام وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کی جڑیں گہری اور مشترکہ مقاصد کے تحت مثالی ہیں۔تقریب میں ایم ایس سی ایس او سی (چین) کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ عہدےداران بشمول چینی سفارت خانے، وزارت دفاعی پیداوار، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔