کراچی( بیورو رپورٹ )
تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے گورنر پنجاب اور وزیر اعلی کی باہمی لڑائی پر لاہور ہائی کورٹ کے تاریخی فیصلے پر معزز جج صاحبان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے پر گورنر اور وزیر اعلی پنجاب کو من و عن عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال سیاسی استحکام کی متقاضی ہے اور تمام اسمبلیوں کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے نے صوبے کو نئے آئینی بحران سے بچالیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضد اور انا کی سیاست سے نہ صرف ان کی اپنی پارٹی کا نقصان ہورہا ہے بلکہ ملک کو بھی اس سیاست سے ناقابل تلافی نقصان ہورہا ہے۔ ہر بات پر یوٹرن لینے سے انکی سیاسی ساکھ بری طرح خراب ہورہی ہے۔