کراچی(نمائندہ خصوصی )ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے روشن مستقبل کا سفر ہمارے طلبہ اور نوجوان نسل نے طے کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق 15 مختلف جامعات کے 200 سے زائد فیکلٹی ممبران پر مشتمل وفد نے رینجرز ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، وفد نے ٹریننگ سینٹر اینڈ رینجرز اسکول اور رینجرز شوٹنگ اینڈ سیڈل کلب کا بھی معلوماتی دورہ کیا۔ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق وفد کے شرکا کو رینجرز میں بھرتی جسمانی اور فیزیکل ٹریننگ کے مطلوبہ معیار اور اہلیت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، رینجرز کے افسران اور جوانوں کے فرائض اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔شرکا کو رینجرز کے اسپیشل دستوں کی جانب سے ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کی جانے والی مشقوں اور ڈرلز کے مظاہرے پیش کیے گئے، وفد نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری سے ملاقات بھی کی۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملاقات میں ڈی جی رینجرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آبادی کا 60 فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے روشن مستقبل کا سفر ہمارے طلبہ اور نوجوان نسل نے طے کرنا ہے۔