کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر برائے خوراک مکیش کمار چاﺅلہ نے حیدرآباد میں مہنگے داموں آٹے کی فروخت کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو مہنگے داموں آٹے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے سیکریٹری خوراک سندھ کو بھی اس معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی وزیر برائے خوراک مکیش کمار چالہ نے سیکریٹری خوراک اور ڈائریکٹر خوراک کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور سستا اٹا جنرل اسٹورز پر بھی مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔مہنگا آٹا/ گندم فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ مکیش کمار چاﺅلہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے صوبے کی عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لئے صوبے بھر مراکز قائم کئے ہیں جن کی تشہیر بڑے پیمانے پر کی گئی تھی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔