کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں کی ہمت افزائی احسن اقدام ہے ، انفرادی کارکردگی سے معاشرے پر مثبت اثرات پڑیں گے , جس سے ملک ترقی کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ رات مقامی ہوٹل میں پاکستان ایکسیلنس ایوارڈز 2022 کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص سرکاری افسران کو بہترین کارکردگی پر ہر سال ایوارڈز دینے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا ہے، وہ بہت خوش آئند ہے ۔ افسران کا حکومتی مشینری میں بنیادی کردار ہے ، ان میں مقابلہ کا رجحان پیدا ہونے سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی اور حکومتی مشینری مزید مؤثر طریقے سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائے گی۔ انہوں نے پروگرام کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے باعث فخر ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نواز رہے ہیں ۔ انہوں نے پروگرام کے منتظمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کی تقریبات تسلسل کے ساتھ منقعد ہونی چاہیئں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بہترین کارکردگی پر افسران اور نجی شعبے کی شخصیات میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔