اسلام آباد،( نمائندہ خصوصی ) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ، وفاقی حکومت کی جانب سے تین نئے کمشنروں کی تعیناتی کے بعد، کمیشن مکمل ہوتے ہی ، اپیلٹ بنچ میں اپیلوں کی سماعت کے لئے بنچ تشکیل دئ دئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال سے صرف ایس ای سی پی صرف دو کمشنروں کے ساتھ کام کر رہا تھا، جس کے نتیجے میں اپیلٹ بینچ میں زیر التوا اپیلوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تین نئے کمشنرز کی تقرری کے بعد کمیشن کا کورم مکمل ہو چکا ہے ۔کمیشن نے فوری طور پر ہی ایس ای سی پی ایکٹ1997 کے سیکشن 33 کے تحت اپیلوں کی سماعت کے لیے نئے بنچز کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔
چئیرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے اس بات پر زور دیا کہ اپیلوں سمیت دیگر کارپوریٹ تنازعات کو حل کرنا کمیشن کی اولین ترجیح ہے ۔ اس سلسلے میں اپیلٹ بینچ رجسٹری کو مناسب وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے۔ رجسٹرار اپیلٹ بینچ نے فوری طور پر 37 اپیلوں کی سماعت کے لئے نئے تعینات ہونے والے کمشنروں ، جناب عبدالرحمٰن وڑائچ اور جناب مجتبیٰ احمد لودھی پر مشتمل بنچ تشکیل دے دیا ہے جو کہ دسمبر 29 کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔