لاہور( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے او پی ایف ہاوسنگ سکیم رائے ونڈ روڈ لاہور میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے کثیر المنزلہ کمرشل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ مذکورہ عمارت 21 منازل پر مشتمل ہو گی جس میں شاپنگ مالز، دکانیں اور دیگر کمرشل سرگرمیاں ہو گیں۔ اس موقع پر ساجد حسین طوری نہ کہا کہ سمندر پار پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز کی زمینوں پر قبضے جیسے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام ہونے جا رہا ہے جس کیلئے سمری تیار کر لی گئی ہے اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائیگے جہاں پر چھ مہینے کے اندر اندر ان فیصلے کئے جا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے بچوں کے تعلیمی مسائل کو حل کرنےپر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ہائیر ایجوکیشن کے تعاون سے پاکستان بھر میں سرکاری یونیورسٹیز میں ان کے بچوں کیلئے کوٹہ مختص کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیز کیلئے بہت جلد مزید رہائشی و کمرشل منصوبے بھی شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے اوورسیز پاکستانیز استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔