اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مراکش کے سرکاری دورے کے دوران رائل مراکش نیول لیڈر شپ سے ملاقات کی۔ رائل مراکش نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر مراکش نیوی کے سربراہ وائس ایڈمرل مصطفیٰ العلامی نے نیول چیف کا استقبال کیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔رائل مراکش نیوی کے سربراہ سے ملاقات میں دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز (RMSP) اور کمبائنڈ میری ٹائم فورس میں شرکت کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے پاک بحریہ کے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا. امیرالبحر نے بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے میزبان بحریہ کو مشق امن اور PIMEC-23 میں شرکت کی دعوت دی اور دوطرفہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ سربراہ رائل مراکش نیوی نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی حمایت میں پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ بعد ازاں نیول چیف نے کمانڈر ناردرن میری ٹائم سیکٹر سے ملاقات کی اور مختلف تنصیبات، تربیتی یونٹ اور رائل مراکش نیوی کے جہاز کا دورہ کیا جہاں انہیں مراکش نیوی کے کردار، صلاحیتوں اور تربیتی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔