لاہور( نمائندہ خصوصی ) گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اسپیکر صوبائی اسمبلی سبطین خان کی رولنگ مسترد کرتے ہوئے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کر دیا۔گورنر پنجاب کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔ بلیغ الرحمٰن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اسے شیئر کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آئین کا دفاع اور پاسداری بھی اسپیکر کی ذمہ داری ہے، اسپیکر آئینی ذمہ داری کی ادائیگی میں ذاتی منشا اور پسند کو ملحوظ خاطر نہ رکھیں۔آئین کے مطابق اسپیکر ایمانداری اور غیر جانبداری سے ذمہ داریاں ادا کرنے کے پابند ہیں۔
خیال رہے کہ گورنر پنجاب نے تحریک عدم اعتماد پر وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کو اعتماد کا ووٹ لینے اور اس کے لیے اسپیکر اسمبلی کو آج شام 4 بجے اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی تھی جو نہ ہو سکا ۔گزشتہ روز اسپیکر سبطین خان نے گورنر کے اجلاس بلانے سے متعلق رولنگ جاری کی تھی۔ پی ٹی آئی رکن اسمبلی راجہ بشارت نے کہا تھا کہ رولنگ کے مطابق گورنر وزیر اعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے لیے اجلاس نہیں بلا سکتے۔اسپیکر صوبائی اسمبلی نے پہلے سے جاری اجلاس جمعہ کی دوپہر تک ملتوی کر رکھا ہے۔