کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اور چیئرمین ٹرانس کراچی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام پروجیکٹس بر وقت مکمل ہونے چاہیے ، تاکہ لاگت میں اضافہ نہ ہو،لاگت میں اضافے کا بوجھ حکومت کے خزانے پر پڑتا ہے، صوبائی وزیر نے یہ بات ٹرانس کراچی کے 22 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،ہماری کوشش ہے کہ یہ پروجیکٹ جلد مکمل ہو۔ صوبائی وزیر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے بس ڈیپو کی تعمیر کے لیے زمین کا کنٹرول ٹرانس کراچی کے حوالے کیا جائے، جس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے بورڈ کو بتایا کہ بس ڈیپو کی تعمیر کے لیے 10 ایکڑ اراضی مختص کردی ہے ، آج ہی ٹرانس کراچی زمین کا کنٹرول سنبھالے ۔ اجلاس میں 21 ویں بورڈز کے اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دی گئی اور بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کی پروگریس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان ، جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی ، رخسانہ راہوجا ، شمائل سکندر، سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال، کمپنی سیکریٹری اقبال لالانی و دیگر نے شرکت کی ۔