کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملیر کے تاجر بجلی لوڈشیڈنگ پرسول نافرمانی کرنے پر مجبور ہو گئے۔ریلیاں اور نیشنل ہائی وے پر دھرنا دینے کا اعلان،بجلی نہیں تو میٹرنہیں،گورنر سندھ سےنوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق ملیر کی تاجربرادری بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے تنگ آچکے ہیں۔آل سندھ تاجر اتحاد،آل ملیر تاجر اتحاد،انجمن تاجران سندھ،انجمن تاجران لیاقت مارکیٹ،سپر لیاقت مارکیٹ،مدینہ مارکیٹ،ٹنکی مارکیٹ،محمدی مارکیٹ ودیگر تاجروں نے سردیوں کے موسم میں بھی14سے 16گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ پر سول نافرمانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔تاجر برادری مقروض ہو رہی ہے انکا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی کاروبار تباہ کر رکھا ہے اور کاروباری اوقات کے دوران بجلی کے نہ ہونے سے تاجر برادری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ لیاقت مارکیٹ کے صدر ایاز شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی الیکٹرک کےجرنل منیجر عمران شیخ سے متعدد مرتبہ ملاقاتوں میں بازاروں میں بجلی کی لوڈ شیڈ نگ سے مستسنی قرار دینے کا مطالبہ کیاہے تاہم کے الیکٹرک اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے ـ انہوں نے کہا کہ دوفیصد سے بھی کم تاجر واجبات کے نادہندہ کی سزا ہزاروں تاجرخاندانوں کو بھگتنا پڑ رہی ہے۔ ایاز شیخ کا کہنا ہے کہ چوری کی بجلی استعمال کرنے والوں کا بوجھ تاجربرادری کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں سے ہمارا کو ئی تعلق نہیں، جو واجبات ادا کر رہے ہیں ان کو تو بجلی فراہم کریں۔لیاقت مارکیٹ کے صدر کامذید کہنا ہے کاروباری اوقات میں ڈیرھ گھنٹے بجلی فراہم کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ اس ضمن میں تاجر براداری کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک جب بجلی نہیں دے رہا توالیکٹرک میٹر بھی اتار کر لےجائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں باقاعدہ علاقائی سطح پر کراچی الیکٹر ک کے ظلم کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی اور نیشنل ہائی وے پرمطالبات کی منظوری تک دھرنا دیا جائے گا۔ آخر میں تاجر برادری نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تاجر برداری نمائندہ تاجر انجمنوں وفد کے ہمراہ گورنر سندھ سے ملاقات کے خواں ہیں ـ