اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا ہے کہ اکتوبر 2023 میں الیکشن ہوجائیں گے۔شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نیب کے معاملات میں پیش ہوئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کوئی ریٹائرڈ افسران ہیں تو پہلے کہاں تھے؟ ریٹائرڈ افسران اگر الیکشن چاہتے ہیں تو ضرور ہوں گے، ملک میں الیکشن ہونا چاہیے، ہم بھی کہتے تھے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا ہزاروں ارب کا نقصان ہوا ہے اور ہوتا رہے گا، نیب کا ادارہ ہے کیا اور ملک میں ہوتا کیا رہا ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ 22 سال میں کتنے سیاستدانوں کوجیل میں ڈالا اورجرم ثابت ہوا؟ یہ بات غلط ہے کہ نیب نے ملک میں کرپشن روکی۔انہوںنے کہاکہ نیب تو اس ملک کا کرپٹ ترین ادارہ ہے، چیئرمین نیب کو جوابدہ ہونا پڑے گا، جب تک نیب کا خوف رہے گا ملک نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب 8 ماہ دیہاڑی پر نوکری کرکے واپس چلے گئے، وہ کوشش کر رہے ہیں کہ واپس کرسی پر آسکیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب کے ذریعے سیاست کو توڑ مروڑ کرنے کی کوشش کی گئی، احتساب کے ادارے موجود ہیں، ایف آئی اے ہے، اینٹی کرپشن ہے۔شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ اب ساڑھے تین گھنٹے سے کم ہوگی، 30 جون تک لوڈشیڈنگ ڈیڑھ سے دو گھنٹے رہ جائے گی۔