کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائي وزير اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بی آر ٹی عبدالستار ایدھی لائن چل رہی ہے ، اس سے شہری مستفید ہو رہے ہیں ، لیکن اس میں پیپلز بس سروس جتنا رش نہیں ہے ، صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی میں بی آر ٹی عبدالستار اورنج لائن پر توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی اورنج لائن کو گرین لائن سے منسلک ہونا ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمپنی ایس آئی ڈی سی ایل کو اورنج لائن کو گرین لائن سے منسلک کرنے کے لیے ریڈیزائین کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی لائن کو مکمل طور پر گرین لائن تک لیکر جائیں گے۔ اورنج لائن میں اس وقت بھی بھی اچھے خاصے مسافر سفر کرتے ہیں، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہا ہے، نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے اور انشااللہ شہریوں کو جلد ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑی تبدیلی نظر آئے گی ۔