کراچی( بیورو رپورٹ ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو ایک بار پھر رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا ،عمران خان کی بلیک میلنگ کے تمام حربے ناکام ہوچکے ، سندھ اور بلوچستان صوبوں کے عوام وقت پر انتخابات چاہتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سیاست کے نام پر انتشار کی نہیں بلکہ وسیع تر اتفاق رائے کی ضرورت ہے،عمران خان کی آئے روز کی ‘وڈیو پریس کلانفرنسیں’ معاشی و سیاسی انتشار پھیلانے کی کوششوں کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرے گی ، عمران خان کو شوق ہے تو آج ہی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑ دیں ، انتظار کس بات کا ہے،صوبائی وزیر نے کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جون میں ہی پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے نوٹسز جاری کر دیئے تھے ،لیکن تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے کوئی بھی ایم این اے پیش نہیں ہوا ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی اطلاع کے مطابق کئی ایم این ایز کے دستخط مسٹر رول سے مطابقت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں پولیس اسٹیشنز پر حملے ہو رہے ہیں ، صوبے کا وزیر اعلیٰ عمران خان کے غیر سیاسی ایڈوینچر پورے کرنے میں مصروف ہے ، انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ،اب جو کچھ بچ گیا ہے ، اس کو بھی برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ، صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو ملک اور عوام سے کوئی سروکار نہیں ،یہ شخص ملک میں عدم استحکام اور بے یقینی صورتحال پیدا کرنے کے ایجنڈے پر مامور ہے۔