کراچی(نمائندہ خصوصی) چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے کلام کو پوری دنیا میں عقیدت سے سنا جا تا ہے۔ یہ بات انہوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں جشن لطیف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب کا اہتمام سندھ سیکریٹریٹ نان گزیٹڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسیشن (SENWA) سینوا کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ سینوا کی جانب سے ہر سال سندھ سیکریٹریٹ میں جشن لطیف منایا جا تا ہے۔ تقریب میں سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنہ، اور سینوا کے صدر نظر حسین جلالانی سمیت دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ شاہ عبداللہ بھٹائی کی درگاہ پر تمام عقائد اور تمام مذاہبِ کے لوگ آکر سکون محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ قلندر لعل شہباز، سچل سرمست اور شاہ عبد الطیف بھٹائی جیسے صوفیوں کی دھرتی ہے۔ انہوں نے تمام ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کرنے ہونگے اور لوگوں کے بہت سے مسائل تحمل سے سننے کے بعد ہی حل ہوسکتے ہیں۔ تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ نے ترقی پانے والے پرائیویٹ سیکریٹریز کو پروموشن آرڈر دئیے۔