اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیرداخلہ راناثناءاللہ خاں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسمبلیوں کے تحلیل کے متوقع اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران نیازی اور پرویزالٰہی کا مقابلہ آپس میں ہے،دیکھنا ہے کہ یوٹرن کون لیتا ہے اور اسمارٹ ٹرن کون؟۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ اتحادیوں نے ایک دوسرے کی قسمت کا فیصلہ لکھنا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے کہنے پرجس نے ایف آئی آر درج نہ کی، وہ اسمبلیاں توڑے گا؟ اسمبلیاں توڑے یا نہ توڑے، ہر صورت میں سیاسی نقصان عمران خان کا ہے ،فتنہ، فساد اور انتشار صرف پاکستان کی معیشت کا نقصان کررہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پارلیمنٹ کا تسلسل پاکستان اور معیشت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن ہوبھی جائیں تب بھی عمران خان کی فسادی سوچ تبدیل نہیں ہوگی ،عمران خان کا ایجنڈا الیکشن نہیں بلکہ معیشت کا دھڑن تختہ کرنا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کو فارن فنڈنگ معیشت کی تباہی اور سیاسی عدم استحکام کے لئے دی گئی ہے۔