اسلام آباد،( نمائندہ خصوصی ) وفاقی حکومت نے عاکف سعید کو سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا نیا چئیرمین مقرر کر دیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنھبال لیں ہیں۔ اس سے پہلے حکومت کی جانب سے انہیں دسمبر 13 کو کمشنر تعینات کیا گیا۔اس سے پہلے، عاکف سعید دسمبر 2014 سے دسمبر 2017 تک ایس ای سی پی میں بطور کمشنر فرائض انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے 2004 میں ایس ای سی پی میں شمولیت اختیار کی اور مختلف ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ عاکف کپیٹل مارکیٹ ، فنانشل سروسز اور ریگولیٹری فریم ورک کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ایس ای سی پی میں اپنی سروس کے دوران انہوں نے رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ ٹرسٹ ، پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ پنشن فنڈز کے ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دئے۔ انہوں نے پاکستان کی تین اسٹاک ایکس چینجوں کے انضمام اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ سکیورٹیز مارکیٹ کے بین الاقوامی معیارات کو لاگو کروانے میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔ عاکف سعید نے سکیورٹیز ایکٹ 2015 اور فیوچرز ایکٹ 2016 کا مسودہ تیار کرنے والی ٹیم کی بھی سربراہی کی۔ عاکف سعید نے امریکن ایکسپریس بینک سمیت پرائیوٹ سیکٹر کے مختلف اداروں میں کام کیا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ عاکف سعید شیونگ سکالر ہیں، اور ایڈنبرا یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز اور گورنمنٹ کالج لاہور سے معاشیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
اس سے قبل ، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فنانس ڈویژن میں ایس ای سی پی کے کمشنروں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے نئے تعینات ہونے والے کمشنرز کو مبارکباد دی۔ وزیر خزانہ نے ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور نجی شعبے میں معاشی ترقی کے لئے ایس ای سی پی کی حالیہ کاوشوں کو سراہا۔