کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے 16 دسمبر آرمی پبلک اسکول کے المناک واقعے کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 16 دسمبر ہمیں ہماری زندگی کے سب سے دردناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے ، جب ہمارے پھول جیسے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر ظلم کی انتہا کی گئی ۔ پوری قوم آج بھی آرمی پبلک اسکول سانحہ کے درد اور اذیت کو محسوس کرتی ہے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ سنگدل دشمن نے ننھے فرشتوں کے خلاف بربریت اور وحشیانہ کاروائی کی ، المناک واقعے میں شہادت کا مرتبہ حاصل کرنے والے طلبا و طلبات اور اساتذہ ہمارے قومی ہیرو ہیں ، انہوں نے کہا کہ والدین کی ہمت کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔اس گھناؤنے واقعے کے بعد قوم متحد ہوئی اور پختہ عزم کے ساتھ دھشتگردی کا مقابلہ کیا ، پاکستانی قوم نے دھشتگردی کی خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا دھشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کاوشوں کو تسلیم کرے – دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کیلئے پاکستانی قوم اور افواج پاکستان سب سے آگے رہی ہیں ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نفرتیں ، انتشار اور تعصب پھیلانے کی کوشش کرنے والے پاکستان دشمن عناصر کے خلاف قوم متحد ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف واضح موقف رکھا ہے ، ہر فورم پر دھشتگردی کے خلاف آواز بلند کی اور اس کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج بھی ضرورت ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔