نیویارک (نیٹ نیوز) وزیر خا رجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا میں پاکستان کے خلاف ایک پروپیگنڈا اور تاثر پیدا کیا گیا ہے، بار بار رابطوں سے اس تاثر کو توڑنا پڑے گا تاکہ تعلقات میں مزید بہتری آئے اور معا شی تعلقات بہتر ہوں۔ نیو یارک میں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک دن میں تو سب مسائل حل نہیں ہوتے مگر پچھلے 6 سے 7ماہ میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ ادھر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ لارڈ طارق احمد نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ڈویلپمنٹ آفس لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے نیویارک میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یو این اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے صدر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، پانی بحران، پائیدار ترقی سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیلاب تباہ کاریوں کے باعث پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یو این جنرل اسمبلی میں قرار داد منظور ہوئی تھی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قرار داد کی منظوری پر شکریہ ادا کیا، صدر جنرل اسمبلی نے گروپ آف 77 اور چین کی پاکستان کی کامیاب قیادت کو سراہا۔