کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ حکومت نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اور ہاس افسر کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر معاملہ اجلاس میں زیر بحث آیا۔ کابینہ نے مشاورت کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے یہ مطالبہ منظور کرلیا۔سندھ کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تنخواہ 73 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ 4 ہزار روپے اور ہاس افسر ڈاکٹرز کی تنخواہیں 40 ہزار سے بڑھا کر 69 ہزار کرنے کی منظوری دی گئی۔سیکریٹری خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ تنخواہوں کے اضافے بعد سرکاری خزانے پر سالانہ ایک ارب 60 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ محکمہ صحت نے اسی حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وزارت صحت اور کے پی کے تنخواہیں بڑھا چکے ہیں، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کرنے کی ہدایت کی تھی۔دریں اثنا حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے تمام اضلاع میں رہنے والے 275 ڈاکوں، ڈکیتوں، دہشت گردوں اور اشتہاری ملزمان پر انعام مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 10 لاکھ سے 80 لاکھ روپے تک رکھی گئی ہے۔