اسلام آباد /کراچی( نمائندہ خصوصی ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور سابق میئر وسیم اختر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں، عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات، سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی میں وفاق کا کردار اہم ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبہ کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے، کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ وفاق کے ترقیاتی منصوبوں سے انفرا اسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ گورنر سندھ کی صوبہ کی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت خوش آئند ہے۔