اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم کی جانب سے کرغزستان، تاجکستان اور قازقستان میں پاکستان کے نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔حسن ضیغم کو کرغزستان میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔ نعمان بشیر بھٹی کوقازقستان اور محمد سعید سرور کو تاجکستان میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کی جانب سے سفیروں کی تعیناتی کے لئے بھجوائی جانے والی سمری پر دستخط کردیئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق نئے تعینات ہونے والے سفیروں کو ٹاسک دے کر نئی اسائمنٹس دی گئی ہیں کہ اب پاکستان کا انرجی، روڈ کنیکٹوٹی اور ریل کے حوالہ سے فوکس وسطی ایشائی ریاستوں کے حوالہ سے ہے اور انرجی اور تجارت کے حوالہ سے پاکستان نئے ایونیوز کھولنے جارہا ہے۔ تاجک صدر امام علی رحمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر یہ تقرریاں کی گئی ہیں۔ نئے سفیروں کو اپنے عہدوں کا چارج لینے میں آئندہ چند ہفتے لگیں گے ۔