اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سے 125اراکین کے استعفوں کی تصدیق کےلئے وقت مانگا جائے گا، تحریک انصاف نے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ٹاسک سونپ دیا، شاہ محمود قریشی اسپیکر قومی اسمبلی سے خط و کتابت کریں گے۔ شاہ محمود قریشی اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کر کے استعفوں کی دوبارہ تصدیق کےلئے وقت لیں گے۔اسپیکر سے وقت طے ہونے کے بعد عامر ڈوگر تمام مستعفی ارکین کو مقررہ تاریخ پر قومی اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کریں گے۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین استعفوں کی تصدیق کےلئے دوبارہ قومی اسمبلی جائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے گزشتہ روز باضابطہ فیصلے کا اعلان کیا تھا۔