اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جس کا اطلاق 15 دسمبر کی رات 12 بجے سے ہو گا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے کمی کے بعد 214 روپے 80 پیسے ہو گئی۔ حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی اور کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 227 روپے 80 پیسے ہو گئی۔ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی 10 ،10 روپے کمی کا اعلان کر دیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 171 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے 15 روز یعنی یکم سے 15 دسمبر تک برقرار رہیں گی، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 15 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا۔