لاہور( نمائندہ خصوصی )
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی معیشتیں دباو کا شکار ہیں،پاکستان بھی معاشی چیلنجز سے نبر دآزما ہے،سی ای او سمٹ اور حکومت مل کر ملک کی معاشی حالت کو بدل سکتی ہے،ہر ملک کی اکانومی محنت اور قابلیت کی مرہون منت ہے،تحریک انصاف اسمبلی میں آنا چاہتی ہے تو اسے ویلکم کریں گے،پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ہی معاملات کو حل کرنا چاہئے،پارلیمان ہی ملک کی مشکلات کا حل ہے،ہمیں متحد ہو کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں سی ای او سمٹ سے خطاب ومیڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی فہد حسین،سی ای او سمٹ اعجاز نثار،پیپلز پارٹی کے رہنما شہزاد سعید چیمہ،اسلم گل،نیاب جان،سونیا خان،جمیل منج اوراحسن رضوی سمیت مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز نے شرکت کی۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم پاکستان کے بارے میں کوئی بھی منفی بات سننا نہیں چاہتے،ملک کے معاشی اعشاریے بالکل ٹھیک ہیں،تمام حالات مکمل کنٹرول میں ہیں،ادائیگیوں کے حوالے سے سٹیٹ بینک کی جانب سے چند مسائل موجود ہیں جنہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاس میں بھی ذکر کیا جاتا ہے کہ ملک کی ایل سیز میں مشکلات آ رہی ہیں جو کہ عارضی ہیں،اس وقت ملکی معیشت دبائو کا شکار ہے لیکن جلد ہی ہم ایک دوسرے کے تعاون سے اس وقتی بحران سے نکل آ ئیں گے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی قوم بڑی ہمت اور جدوجہد کرنے والی ہے،ہمیں مثبت سوچ کو فروغ دینا چاہئے،سب سے بڑا جرم ملک میں ناامیدی پیدا کرنا ہے،سخت محنت اور ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کرہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والوں سے مخاطب ہیں،ہر ملک کی معیشت میں ایسے افراد اپنے ویژن اور تجربے سے خدمت کرتے ہیں،مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں قابل افراد کی کمی نہیں۔ہمارے ڈاکٹرز۔ ،انجینئرز،ماہرین اقتصادیات اور صنعتکار پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کو عوام میں اجاگر کریں تاکہ لوگوں میں مایوسی جنم نہ لے سکے ۔ہمسایہ ملک بھارت کی مثال دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہاں کا میڈیا شائننگ انڈیا کا پرچار کررہا ہے جبکہ وہاں کی معیشت بھی دبائو کا شکار ہے،پاکستان میں آج کوئی بھی شخص بھوکا نہیں سوتا جبکہ بھارت میں غربت کی وجہ سے بہت سے لوگ سڑکوں پر سوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ عوام کا ملک ہے، یہ کوئی بنانا ریپبلک نہیں ہے ،ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر ملک کیلئے سوچنا ہوگا،موجودہ مشکل حالات سے ہم جلد نکل آئیں گے اور اگلے چند سالوں میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام چیزیں کنٹرول میں ہیں،وقتی دبائوضرور ہے جلد نکل آئیں گے،جب میڈیا اور کاروباری برادری مثبت پیغام دے گی تو عوام کی سوچ میں بھی مثبت پہلو اجاگر ہوں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تحریک انصاف کو پارلیمان میں آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،پارلیمنٹ میں بیٹھ کر ہی ملکی مسائل کا حل تلاش کیا سکتا ہے۔صدر مملکت کے دورہ لاہور کے حوالے سے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ صدر مملکت کے رابطے ہونے چاہئیں یہ اچھی بات ہے۔ایک سوال کے جواب میں اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ۔ تقریب کے اختتام پر سپیکر قومی اسمبلی نے بہترین کارکردگی دکھانے والے سی ای اوز میں سوینئرز تقسیم کئے۔