کراچی(نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات قونصل خانے کے زیر اہتمام افضال تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کی آگاہی مہم کی تقریب منعقد کی گئی ، تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی ۔ یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں نامور اداکار جاوید شیخ ، معروف صنعت کار زبیر موتی واللا کے علاؤہ شہریوں اور افضال فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کے افراد بھی شریک تھے ۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ افضال تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ، صوبہ بھر میں افضال فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا جیسے مرض میں مبتلا مریضوں کی خدمت کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور بالخصوص قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی کے بے حد شکر گزار ہیں کہ ان کے زیر سرپرستی یو اے ای قونصل خانہ سندھ میں فلاحی کاموں میں مصروف ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تھیلیسیمیا فائونڈیشن کی جانب سے آج کی اہم تقریب یو اے ای قونصل خانے کے تعاون سے منقعد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا موذی مرض ہے ، جو تیزی سے پھیل رہا ہے ، ضرورت ہے کہ مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں ،سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مشکور ہیں اور دعاگو ہیں کہ افضال فائونڈیشن کے سپورٹرز کی اللہ تعالیٰ ہمت اور عملِ خیر کے جذبے میں اضافہ کرے تاکہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات کا سلسلہ جاری رہے ۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ، یو اے ای حکومت پاکستان کے عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔ تقریب میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے صوبائی وزراء کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔