کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ میں آئندہ سال 2023 میٹرک کے امتحانات 8 مئی اور انٹر کے 22 مئی سے ہوں گے جبکہ امتحانی پیٹرن بھی تبدیل کردیا گیا ۔پیر کو سیکریٹری اسکولز کی زیرِصدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تعلیمی بورڈز کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔سب کمیٹی کے اجلاس کے دوران آئندہ سال امتحانی پیٹرن کی تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے مطابق 20 فیصد ایم سی کیوز، 40 فیصد مختصر جوابات اور 40 فیصد لمبے جوابات ہوں گے۔طارق شاہ نے اجلاس کے بعد بتایا کہ اجلاس میں میٹرک کے امتحانات عید الفطر کے فوری بعد 28 اپریل سے شروع کرنے کی گزشتہ تجویز کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا کہ چونکہ رمضان میں چھٹی سے آٹھویں جماعتوں کے امتحانات نہ لینے اور ان امتحانات کو عید بعد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے لہذا ان امتحانات کے بعد 8 مئی سے پورے صوبے میں میٹرک کے امتحانات شروع کیے جائیں اور انٹر کے امتحانات 23 مئی سے شروع ہوں۔اجلاس میں آئندہ تعلیمی سال 2023 یکم اگست سے شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ رواں سال 2022 کی موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اتوار یکم جنوری کے بعد پیر 2 جنوری 2023 سے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔